Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کورونا وائرس کے باعث ایک اور پاکستانی کھلاڑی انتقال کرگیا

شائع 22 اپريل 2020 04:23pm

کراچی: کورونا وائرس نے دنیا بھر میں اس وقت تباہی پھیلائی ہوئی ہے اور روازانہ کی بنیاد پر ہزاروں قیمتی جانوں کا ضیاع ہورہا ہے۔ اس عالمی وباء نے اب ایک اور پاکستانی کھلاڑی کی جان لے لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے باعث ایک اور کھلاڑی شیرِ پاکستان سابق اولمپیئن حاجی محمد افضل پہلوان خالق حقیقی سے جاملے، ان کا انتقال امریکہ میں ہوا ہے۔

حاجی محمد افضل کو 1960 میں اس وقت کے صدر مملکت ایوب خان نے شیر پاکستان کے خطاب سے نوازا تھا، وہ 1935 میں پیدا ہوئے تھے اور مہلک وباء کا شکار ہوکر آج اس جہانِ فانی سے کوچ کرگئے۔

شیرِپاکستان کے انتقال پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی اظہارِ تعزیت کیا ہے۔ سابق اولمپیئن کی نماز جنازہ امریکہ میں ہی ادا کی جائے گی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان کے سابق فرسٹ کلاس کرکٹر ظفر سرفراز بھی 52 برس کی عمر میں کورونا وائرس کا شکار ہوکر موت کی نیند سوچکے ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال

پاکستان میں اب تک 10 ہزار 076 افرادد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں سے 2 ہزار 156 افراد صحتیاب اور 212 افراد انتقال کرچکے ہیں۔ دنیا کے دیگر کئی ممالک کی طرح پاکستان میں بھی اس وقت لاک ڈاؤن جاری ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس کی صورتحال

دنیا بھر میں اب تک 25 لاکھ 92 ہزار سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔ 7 لاکھ 9 ہزار 800 کے قریب افراد صحتیاب جبکہ 1 لاکھ 1 ہزار سے زائد افراد ابدی نیند سوچکے ہیں۔